حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈویژنل صدر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سیہون ڈویژن برادر محسن علی ساجدی ونگانی نے آمد ماہ رمضان المبارک پر کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول, تذکیہ نفس،کردار سازی اور انسان کا اپنے خالق حقیقی کی جانب پلٹنا اور اس کے حکم کے تابع ہونا ہے۔
روزہ غیر معمولی حالات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کی تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مثبت سوچ، بھائی چارے اور باہمی احساس کو پروان چڑھانے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
ماہ رمضان المبارک ہمیں تطہیر نفس اور تذکیہ ذات کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ جس سے انسان کو کردار کی تعمیر جیسی نعمت مستقل طور پر عطا ہوجاتی ہے اور وہ دنیا و آخرت کے تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں روزے کو اس لئے واجب کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کے اخلاص کو محکم کیا جا سکے۔ پوری امت مسلمہ اس ماہ میں روزے کا فریضہ انجام دیتی ہے، خدا کے سامنے سربسجود ہوتی ہے۔ جس سے امت کے اندر ظلم سے دوری اور انصاف پر عمل کرنے کا جذجہ پیدا ہوتا ہے۔
ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اس با برکت مہینہ میں خدا کی لاریب کتاب قرآن کریم کے مطالعے کو اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دیں، اس میں موجود اسرار کا باریک بینی سے جائزہ لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب پر یہ بھی لازم ہوتا ہے کہ ہم ماہ رمضان المبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور تذکیہ نفس کی خاطر عبادت و ریاضت کے مراحل پورے خلوصِ نیت سے انجام دیں کیونکہ بدامنی، ظلم و جور اور ناانصافی کا خاتمہ بھی تطہیر نفس سے ہی ممکن ہے۔